
غزہ : غاصب اسرائیلی فوج نے جبالیہ ۔خان یونس اور نصیرات میں مکانات پر میزائل اور توپ خانے سے شدید حملہ کیا۔ حملوں میں درجنوں افراد شہید وزخمی ہوئے۔ صیہونی فوج کی غزہ پر 78 ویں دن بھی جارحیت جاری ہے۔ جنگی طیاروں اور توپ خانے نے جبالیہ۔ خان یونس اور نصیرات پر بم برسائے اور گولے داغے۔ حملے میں رہائشی مکانات اور عمارتیں تباہ ہوگئیں۔ درجنوں افراد کو زخمی اور مردہ حالت میں منتقل کیا گیا جبکہ بڑی تعداد ملبے تلے دبی ہوئی ہے۔
اب تک بیس ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور ستاون ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔ اسپتالوں میں علاج کی سہولیات ختم ہوچکی ہیں۔ ادھر اسرائیلی بمباری کے ساتھ معصوم بچے اب بھوک سے بھی دم توڑ رہے ہیں۔ امداد پہنچنے میں مشکلات کے باعث شہر میں قحط کی صورتحال ہے۔


































