
غزہ : غزہ کی سول ڈیفنس نے کہا ہے کہ اسرائیل نے مسلسل دوسرے ہفتے بھی ریسکیو ٹیموں کو غزہ سٹی کے متاثرہ علاقوں میں داخلے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ جس کے نتیجے میں کئی زخمی بروقت طبی امداد نہ ملنے پر شہید ہوگئے۔
غزہ سول ڈیفنس ڈائریکٹوریٹ نے بتایا ہے کہ بین الاقوامی اداروں کے ذریعے زخمیوں اور متاثرہ شہریوں تک پہنچنے کے لیے 73 درخواستیں بھیجی گئیں مگر اسرائیلی فورسز نے سب کو مسترد کر دیا۔ ان علاقوں میں الزرقا، المحطة، صابرا، تل الہوا اور طفاح ضلع کے مشرقی حصے شامل ہیں جہاں شدید تباہی اور انسانی المیہ جاری ہے۔
سول ڈیفنس کا کہنا ہے کہ محصور متاثرین خود ہی اپنی مدد آپ کرنے پر مجبور ہیں، کئی لوگ جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں افراد کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔ ادارے نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ اسرائیل پر دباؤ ڈالیں تاکہ ریسکیو ٹیموں کو رسائی مل سکے اور انسانی جانیں بچائی جا سکیں۔


































