
کراچی: گلستان جوہر پہلوان گوٹھ میں فائرنگ سے شہید دونوں جوانوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ شیعہ علماء کونسل کے رہنما علامہ اقبال زیدی کی اقتداء میں ادا کی گئی ۔ نماز جنازہ میں ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔
شہید علی وارث اور شہید سید مظہر عباس کی نماز جنازہ پہلوان گوٹھ امام بارگاہ میں ادا کی گئی اور تدفین وادی حسین قبرستان میں ہوئی.
پہلوان گوٹھ میں ایک کار اور دو موٹر سائیکلوں پر سوار دہشت گردوں نے امام بارگاہ کے باہر لگے علم عباس کے قریب بیٹھے نوجوانوں پر فائرنگ کی۔ جائے وقوعہ سے ایک میگزین اور گولیوں کے 10 سے زائد خول ملے ہیں۔ فائرنگ کے پانچ زخمیوں کو اسپتال لےجایا گیا تاہم مولانا رجب علی بنگش کے صاحبزادے علی وارث اور سید مظہر عباس اسپتال پہنچنے سے قبل دم توڑ گئے جبکہ تین کو نیشنل اسٹیڈیم کے قریب واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں محمد علی ِ،علی حسن ، اور میثم شامل ہیں۔
وزیر داخلہ سندھ نے فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ایسٹ سے تفصیلات طلب کرلیں اور واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کی ہدایت کی۔


































