
نیویارک: اقوام متحدہ نے فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی کی سختی سے مخالفت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے نیوز کانفرنس میں اسرائیلی وزیر دفاع کے فلسطینیوں کیلئے رفح کے کیمپوں میں منتقل کرنے کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ پہلے بھی ایسے منصوبے سنتے رہے ہیں لیکن ہم کسی بھی جبری نقل مکانی کے خلاف کھڑے ہیں جس سے صرف فلسطینیوں کے لیے خطرات میں اضافہ ہوگا۔
دوجارک نے کہا کہ جی ایچ ایف کا خوراک کی تقسیم کا نظام جہاں لوگ خوراک حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے مارے جارہے ہیں وہ انسانی بنیادوں پر نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں کام کرنے والے کسی بھی امدادی گروپ کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ انسانی اصولوں کی پابندی کرنی چاہیے۔ اقوام متحدہ اُن لوگوں کے ساتھ کام نہیں کرے گا جو ان معیارات پر پورا نہیں اترتے ہیں۔


































