
لندن : غذائی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ یوکرین جنگ کے باعث سر اٹھانے والا خوراک کا بحران لاکھوں افراد کی موت پر منتج ہو گا۔ماہرین نے بتایا کہ زیادہ تر اموات بھوک سے نہیں بلکہ متعدی امراض کی وجہ سے ہوں گی اور عالمی سطح پر صحت کے مزید مسائل پیدا ہوں گے۔گلوبل فنڈ ٹو فائٹ ایڈز، ٹی بی اینڈ ملیریا کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پیٹر سینڈز نے اے ایف پی کو بتایا کہ سامنے نظر آنے والے خطرات سے عیاں ہے کہ بھوک سے مرنے والوں کے مقابلے میں ان لوگوں کے مرنے کی تعداد زیادہ ہو گی جن کا متعدی امراض سے مقابلے کا مدافعتی نظام کمزور ہو گا۔انہوں نے جی 20 وزرائے صحت کے اجلاس کے موقع پر انٹرویو میں کہا کہ ہمارے خیال میں صحت کے بحران کا آغاز ہو چکا ہے، مگر یہ کسی نئے جرثومے کی وجہ سے نہیں ہے، بلکہ اس لیے ہو گا کہ جن لوگوں کے پاس خوراک کی کمی ہو گی وہ بیماریوں کا زیادہ شکار ہوں گے۔


































