
واشنگٹن: ناسا نے اپنی سیٹلائٹ تصاویر کو دیکھ کر انکشاف کیا ہے کہ پاکستان میں موسلا دھار بارش اور سیلاب سے سندھ کے علاقوں میں دریا کا بہاؤ کناروں سے باہر آگیا اور اس نے وسیع ہوتے ہوئے وقتی طور پر ایک ایسی جھیل کی شکل اختیار کرلی جو 100 کلومیٹر وسیع ہے۔ اس سے ایک روز قبل اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل اینتونیو گوتیرس نے پاکستان میں سیلاب کی ہول ناک تباہی کو ’موسمیاتی سانحہ‘ قرار دیتے ہوئے دنیا بھر سے دستِ تعاون بڑھانے کی استدعا کی تھی۔دوسری جانب ارضیاتی تبدیلیوں پر نظر رکھنے والے یورپی سائنسی فورم کوپرنیکس نے کہا ہے کہ پاکستان میں تباہ کن سیلاب کی وجہ مون سون کا وہ نظام ہے جو اس سال کم ازکم 10 گنا زائد شدت اختیار کرچکا تھا۔


































