
اوٹاوا: عرب اور ترکی کے وزرائے خارجہ کا وفد امریکا میں ناکام مذاکرات کے بعد کینیڈا پہنچ گیا جہاں کینیڈین وزیر خارجہ سے ملاقات کی اور فوری جنگ بندی کی اہمیت کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں غزہ میں ہونے والی پیش رفت اور اس کے اثرات کے ساتھ ساتھ فلسطینی شہریوں کے خلاف اسرائیل کی فوجی کارروائیوں پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ شہریوں کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داری کو فوری طور پر ادا کرے، اور مزید کہا کہ غزہ کے مستقبل اور مسئلہ فلسطین اور اس کے مستقبل کے بارے میں بات چیت فوری جنگ بندی اور بلاجواز فوجی کشیدگی کو روکنے کے بعد ہونی چاہیے۔ وفد نے غزہ میں فوری طور پر خوراک اور طبی امداد کی ترسیل کے لیے امدادی راہداری کو یقینی بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ وزراء نے کہا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے مطالبے کو روکنے پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہیں۔


































