
میڈرڈ : اسپین کے وزیراعظم پیٹرو سانشیز نے کہا ہے کہ یورپی یونین کو فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا چاہیے۔ سرکاری ٹی وی پر انٹرویو میں ہسپانوی وزیراعظم نےکہا کہ یہ ضروری ہے کہ ہم اس بحران کا سیاسی حل تلاش کریں اور اس کے لیے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا ضروری ہے۔ اس سے تنازعہ کے خاتمے اور خطے کو مستحکم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ اگر یورپی یونین فلسطینی ریاست کو تسلیم نہیں کرتا تو اسپین یکطرفہ طور پر ایسا کرے گا۔ انہوں نےکہاکہ یہ یورپ کے مفاد میں ہے کہ وہ اس مسئلے کو اخلاقی بنیادوں پر حل کرے کیونکہ جو کچھ غزہ میں ہورہا ہے وہ ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جو فوٹیج دیکھ رہے ہیں اور بچوں کی اموات کی بڑھتی ہوئی تعداد سے مجھے شدید شک ہے کہ اسرائیل بین الاقوامی انسانی قانون کی پاسداری کر رہا ہے۔
اسرائیل اس بیان پرسیخ پا ہوگیا اور اس نے بیان کو شرمناک قرار دیا اور ہسپانوی سفیر کو سرزنش کے لیے طلب کیا جبکہ میڈرڈ میں اپنے ایلچی کو مشاورت کے لیے واپس بلا لیا۔


































