
اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دشمن قوتوں کو پاک چین تعلقات کو کمزور کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، وزیراعظم عمران خان سے چینی سفیر نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، سی پیک، کورونا ویکسین اور مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، چینی سفیر نے وزیراعظم کو چینی صدر اور وزیراعظم کی جانب سے یوم آزادی پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے کورونا کے دوران چینی تعاون اور ویکسین کی فراہمی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین آئرن برادرز ہیں، دشمن قوتوں کو پاک چین تعلقات کو کمزور کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، سی پیک خطے میں تبدیلی کے لیے بہترین منصوبہ ہے، پاکستان اور چین سی پیک کی بروقت تکمیل کے لیے مل کر کام جاری رکھیں گے۔ ملاقات میں خطے کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ افغان تنازع کا فوجی حل نہیں ہے، پاکستان افغانستان تنازع کا حل سیاسی مذاکرات سے چاہتا ہے۔


































