
کابل : افغان دارالحکومت کابل کے ایئرپورٹ پر فائرنگ کے دوران رپورٹنگ جاری رکھنے والی پاکستانی خاتون صحافی کی ویڈیو وائرل ہوگئی، نجی چینل سے وابستہ سمیرا خان افغانستان کے حالات بتا رہی ہوتی ہیں کہ پس منظر میں شدید فائرنگ سنائی دیتی ہے، جس کے بعد لوگوں کی اکثریت محفوظ مقام کی تلاش میں بھاگتی دکھائی دیتی ہے، تاہم خاتون صحافی گھبراہٹ کا مظاہرہ کیے بغیر رپورٹنگ جاری رکھتی ہیں، سمیرا خان کا کہنا تھا کہ فیلڈ میں کام کرتے ہوئے 17 برس ہو گئے، کام کی ابتدا ہی ایک علاقے سے کی جو بہت مشکل تھا، جو اب ہوا یہ تو کچھ بھی نہیں، اس سے زیادہ مشکل صورتحال میں لائیو ایمونیشن چلتے ہوئے کوریج کر چکی ہوں، پاکستان سمیت متعدد ملٹری آپریشنز کور کیے ہیں، یہ ہمارے لیے ایک معمول سا ہے، پشتون گھرانے سے تعلق ہے جہاں بچپن سے ہی اسلحہ دیکھنا اور استعمال کرنا معمول ہوتا ہے، سمیرا خان کی ویڈیو وائرل ہوئی تو لوگ ٹویٹ میں ان کی بہادری کی تعریف کرتے دکھائی دیے وہیں خاصی تعداد ایسے افراد کی بھی تھی جو اسے غیرضروری قرار دیتے ہوئے احتیاط اپنانے کا مشورہ دیتے رہے، وزیرمملکت برائے ماحولیات زرتاج گل نے اسے پشتون کی بہادری قرار دیا اور خاتون رپورٹر کو سراہا۔


































