
اسلام آباد: چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں پاراچنار میں امتحانات کی ڈیوٹی پر مامور اساتذہ کے قتل کی شدید مذمت کی ہے، تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ میری دلی ہمدردی متاثرہ خاندانوں کیساتھ ہے، لواحقین سے اظہار تعزیت اور شہداء کی بلندی درجات کے لئے دعا گو ہوں، غم کی اس گھڑی میں شہداء کی فیملیز کے ساتھ کھڑے ہیں، علم دشمن ابوجہل کے پیروکاروں نے معاشرے میں شعور و آگاہی دینے والوں کو خاک و خون میں نہلا کر بدترین سفاکیت کا ثبوت دیا، اپر کرم پاراچنار کی پر امن فضاء کو خراب کرنے کی سوچی سمجھی سازش ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پاراچنار کی باشعور اور بہادر عوام شاطر دشمن کے تمام تر ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیں گے، پورے ضلع کرم میں بالعموم اور پاراچنار میں بالخصوص حفاظتی چیک پوسٹوں کی بھرمار ہے، جن سے گزرنے کے لیے مقامی افراد کی بھی سختی سے چیکنگ ہوتی ہے لیکن اس کے باوجود عوام دشمن عناصر کا کاروائی کر باآسانی فرار ہو جانا کئی سوالات کو جنم دیتا ہے، خیبرپختونخواہ میں گزشتہ تین ماہ سے امن و امان کی بدتر صورت حال ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اگر خارجہ پالیسی یا داخلہ پالیسی کا رخ دیکھنا ہو تو کے پی کے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے، اس واقعے اور دیگر مقامی تنازعات سے لگتا ہے کہ پاراچنار کے لیے پھر سے کوئی نئی پالیسی تیار کی جا رہی ہے، جب سے ملک میں سیاسی عدم استحکام شروع کیا گیا ہے اس وقت سے اب تک خیبرپختونخواہ میں آگ و خون کا کھیل جاری ہے، سینکڑوں پولیس اہلکار درجنوں فوجی اور بے گناہ شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جا چکا ہے، نہ جانے اور کتنے بے گناہ افراد اس کی بھینٹ چڑھیں گے۔


































