
لاہور : پاراچنار کے مظلومین سے اظہار یکجہتی کیلئے لاہور پریس کلب کے باہر ڈیوس روڈ پر دھرنے کا آج چھٹا دن ہے۔ وائس چیئرمین ایم ڈبلیو ایم پاکستان علامہ احمد اقبال رضوی اور صوبائی صدر علامہ سید علی اکبر کاظمی کی قیادت میں دھرنا جاری ہے۔ ترجمان ایم ڈبلیو ایم پنجاب کا کہنا ہے کہ جب تک پارا چنار کے مظلوم عوام کے مطالبات پورے نہیں ہوتے ہمارا دھرنا جاری رہے گا۔ گزشتہ شب بھی دھرنے میں مجلس عزاء کا اہتمام کیا گیا تھا۔ دھرنے میں شہریوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے اور پاراچنار کے مظلوموں کیساتھ اظہار یکجہتی کر رہی ہے۔ گزشتہ شب دھرنے میں علامتی جنازے رکھ احتجاج کیا گیا۔ دھرنے کے شرکاء کا کہنا ہے کہ ہم اپنے قائدین کے حکم پر یہاں بیٹھے ہیں اور اس وقت تک یہاں سے نہیں جائیں گے جب تک پارا چنار کے راستے کھول کر وہاں امن و امان یقینی نہیں بنایا جاتا۔


































