
نیویارک: اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے امریکا اور اسرائیل کے زیرانتظام مقامات پر خوراک کی امداد کیلئے آنے والے فلسطینیوں کے قتل عام کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انتونیو گوتریس نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ وہ گزشتہ روز غزہ میں امداد کے حصول کے دوران فلسطینیوں کے قتل عام کی خبروں سے حیران ہیں۔ یہ ناقابل قبول ہے کہ فلسطینی خوراک کے لیے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت اسرائیل کی واضح ذمہ داریاں ہیں کہ وہ انسانی امداد کیلئے سہولت فراہم کرے۔ انہوں نے کہاکہ غزہ میں بے پناہ ضروریات کو پورا کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر امداد کے بلا روک ٹوک داخلے کو فوری طور پر بحال کیا جانا چاہیے۔ انہوں نےکہا کہ اقوام متحدہ کو انسانی ہمدردی کے اصولوں کے مکمل احترام کی شرائط کے تحت حفاظت اور سلامتی کے ساتھ کام کرنے کی اجازت ہونی چاہیے۔


































