
پاراچنار: ضلع کرم میں مسلح افراد نے گاڑی پر فائرنگ کر کے چھ مسافروں کو قتل کردیا۔ مسلح افراد نے گاڑی میں سوار پاڑہ چمکنی سے تعلق رکھنے والے سنی قبیلے کے افراد کو نشانہ بنایا۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق واقعہ شیعہ اکثریتی علاقے میں پیش آیا ہے۔
انسانی حقوق کے کمیشن نے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کروائی جائیں۔ کمیشن نے کرم میں صورتحال کو انسانی بحران قرار دیا ہے۔
انجمن حسینیہ کے سیکریٹری حاجی حسین نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس واقعے پر ایسے خفا ہیں جیسے ہمارے اپنے طوری قبیلے کے لوگ مارے گئے ہوں۔ انھوں نے کہا کہ طوری قبیلے کے علاقے میں امن تھا او اسی بھروسے پر یہ لوگ یہاں آئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جرگے میں بیٹھے ہوئے تمام لوگ کہتے ہیں کہ حملہ کرنے والے ہمارے بھی دشمن ہیں، اہل سنت کے بھی او حکومت کے بھی۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ ان حملہ آوروں کو ایسی سزا دی جائے کہ آئندہ کوئی اس طرح سوچے بھی نا۔ مجرموں کو سزا دلانے کے لیے ہمیں ایک ہونا پڑے گا۔


































