
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے ایران اور عراق سے واپس آنے والے زائرین کے سیکورٹی خدشات کے ازالہ کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی ہے کابینہ ڈویژن نے نو ٹیفیکیشن جاری کردیا۔ کمیٹی کے چیئرمین سیکریٹری وزارت مذہبی امور اور شریک چیئرمین سیکریٹری وزارت داخلہ ہوں گے۔ دیگر ممبران میں سیکرٹری بحری امور، تمام صوبائی چیف سیکرٹریز شامل ہیں۔ وزارت مذہبی امور کمیٹی کو سیکرٹیریٹس رپورٹ فراہم کرے گی اور اپنی رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کرے گی۔ یہ کمیٹی زائرین کی جانب سے انہیں درپیش سیکورٹی خدشات کے اظہار کے پیش نظر تشکیل دی گئی ۔ وزیر اعظم نے کمیٹی کو ہدایت دی ہے کہ زائرین کی محفوظ واپسی یقینی بنانے کیلئے سمندری راستے سے واپس لانے کے آپشن پر بھی غور کرے۔ذرائع کے مطابق بلوچستان میں جاری دہشت گردی کی لہر کی وجہ سے زمینی راستے کے غیر محفوظ ہونے کی وجہ سے سمندری روٹ سمیت تمام اپشنز زیر غور لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔


































