
جدہ : لبنان میں فلسطینی گروپوں میں لڑائی شدت اختیار کرنے پر سعودی عرب اور بحرین نے شہریوں کو فوری انخلاء کی ہدایت کردی۔ لبنان میں فلسطینی مہاجر کیمپ عین الحلوہ میں صدر محمود عباس کی جماعت فتح کے حامیوں اور دیگر گروپوں کے درمیان ایک ہفتے سے جاری جھڑپوں میں اب تک 13 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوچکے ہیں۔ کشیدگی بڑھنے پر عرب ممالک میں تشویش دوڑ گئی ہے۔ سعودی عرب اور بحرین نے اپنے شہریوں کو لبنان سے فوری طور پر نکل جانے کی ہدایت کی ہے اور انھیں کہا ہے کہ وہ مسلح تنازع کے علاقوں سے دور رہیں۔ ادھر قطر۔ عمان اور کویت نے بھی اپنے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ سفارتخانوں نے شہریوں سے کہا ہے کہ تمام شہری حکومت کے فیصلے کی پاسداری کریں تاکہ ان کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ شہریوں کو ہنگامی صورت میں رابطے کے لیے نمبر بھی فراہم کئے گئے ہیں۔


































