
نیویارک: امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ نے اسرائیل کی جانب سے فلسطینی شہریوں کی نگرانی کی اپنے پلیٹ فارم کے استعمال کے الزام کو درست تسلیم کرلیا۔
واشنگٹن میں جاری بیان میں مائیکروسافٹ نے کہا کہ اسرائیلی فوج کی ایک خفیہ انٹیلی جنس یونٹ کو اپنی کلاؤڈ سروسز سے بلاک کردیا ہے کیونکہ یہ یونٹ فلسطینیوں کی وسیع پیمانے پر نگرانی کے لیے اس پلیٹ فارم کو استعمال میں لا رہا تھا۔ مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجی خفیہ یونٹ نے کمپنی کی اے آئی اور ڈیٹا سروسز کا غلط استعمال کرکے شرائط کی خلاف ورزی کی ہے۔
برطانوی اخبار گارڈین نے انکشاف کیا تھا کہ اسرائیلی فوجی ایجنسی فلسطینیوں کی فون کالز کو بڑے پیمانے پر ریکارڈ کرنے کے لیے مائیکروسافٹ کے کلاؤڈ پلیٹ فارم کا استعمال کر رہی ہے۔ مائیکروسافٹ نے کہا کہ تحقیقات میں شواہد ملے ہیں کہ اسرائیل اس کے پلیٹ فارم کو استعمال کررہا ہے۔


































