
واشنگٹن : امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کیلئے مذاکرات کےفریق گزشتہ دنوں کے مقابلے میں اب زیادہ قریب ہیں۔ کوالالمپور میں میڈیا سے گفتگو میں مارکو روبیو نے کہا کہ امریکا جنگ بندی کے حوالے سے پُرامید ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ فریقین کے درمیان جنگ بندی کی شرائط پر اتفاق ہو چکا ہے۔ اب بات چیت ان معاملات پر ہونی ہے کہ ان شرائط پر عملدرآمد کس طرح ممکن ہوگا۔ مارکو روبیو نے ماضی کی ناکامیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کے معاہدے میں اب بھی کچھ چیلنجز موجود ہیں تاہم معاہدے پر عملدرآمد کی بات چیت اگلے مرحلے کی نشاندہی کرتی ہے۔ مارکو روبیو نے کہا کہ اسرائیلیوں نے کچھ لچک کا مظاہرہ کیا ہے۔ ایک بنیادی مسئلہ حماس کے غیر مسلح ہونے سے انکار کا ہے۔


































