
غزہ: صیہونی فوج نے اقوام متحدہ کے ایک اور اسکول پر بم برسادئے۔ بچوں سمیت 15 فلسطینی شہید اور کئی زخمی ہوگئے۔ صیہونی فوج کی بہیمانہ اور غیر انسانی حملوں میں شدت آتی جارہی ہے۔ اسکول، پناہ گاہیں، مساجد، اسپتال اور ایمبولینسوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ جنگی طیاروں نے جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں اقوام متحدہ کے اسکول پر بم برسادئے۔ حملے میں 15 افراد شہید اور کئی زخمی ہوئے۔ شہدا اور زخمیوں میں بیشتر بچے ہیں۔ صیہونی جنگی طیاروں نے کچھ دیر قبل بھی ایک اسکول کو نشانہ بنایا تھا، جس سے 20 افراد شہید اور کئی زخمی ہوئے۔
الشفا اسپتال کے باہر ایمبولینسوں کے قافلے پر ڈرون سے میزائل حملہ کیا گیا جس سے 14 شہادتیں ہوئیں۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران سو سے زائد افراد شہید ہوئے۔ شہدا کی مجموعی تعداد 9 ہزار 300 سے بڑھ گئی ہے۔ جبکہ تیس ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں۔ صیہونی فوج نے سولر پینلز اور پانی کے ٹینکوں کو بھی نشانہ بنانا شروع کردیاہے۔
صیہونی فوج نے الشفا اسپتال کے قریب ایسے تمام مکانات اور عمارتوں کو نشانہ بنایا جہاں سولر پینل اور پانی کے ٹینک موجود تھے۔ رفح کے ساحل پر موجود فلسطینیوں کی مچھلیاں پکڑنے والی کشتیاں بھی اسرائیلی فوج کے حملے میں جل گئیں۔


































