
لندن : برطانوی پارلیمنٹ میں غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد پر اپوزیشن لیبر پارٹی میں بغاوت ہوگئی۔ اسکاٹش نیشنل پارٹی کی جانب سے جنگ بندی کی قرارداد پر شیڈو وزرا سمیت 56 لیبر ارکان نے پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ دیا۔ قرارداد تو 125 کے مقابلے میں 293 ووٹوں سے مسترد ہوگئی۔ لیکن لیبر پارٹی میں واضح دراڑیں پڑگئیں۔ سینئر ایم پی جیس فلپس سمیت کئی فرنٹ بینچرز نے استعفیٰ دے دیا ہے۔
افضل خان، یاسمین قریشی، پاؤلا بارکر اور ناز شاہ سمیت آٹھ شیڈو جونیئر وزراء بھی مستعفی ہوگئے۔ دو پارلیمانی پرائیویٹ سیکرٹریز ڈین کارڈن اور میری فوئے نے بھی استعفیٰ دے دیا۔
باغی ارکان کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور حماس کی جنگ میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر وقفے کی سر کیر اسٹارمر کی اپیل کافی نہیں ہے۔ سر کیئر نے ووٹنگ سےقبل کہاتھا کہ جنگ بندی قرارداد کی حمایت کرنے والے ارکان کو برطرف کردیا جائے گا۔


































