
نیویارک : اقوام متحدہ نے طالبان کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم عبدالباقی حقانی اور نائب وزیر تعلیم سید احمد شادخیل کا سفری استثناء ختم کر کے بیرون ملک سفر پر پابندی عائد کر دی۔ اقوام متحدہ کے سفارتکاروں کا کہنا تھا کہ یہ سفری پابندیاں افغان خواتین پر سخت پابندیاں عائد کرنے کی وجہ سے لگائی گئی ہیں۔
15 طالبان عہدیداروں کے مذاکرات کے لیے بیرون ملک جانے کے سفری استثنا کی مدت کل ختم ہوئی ہے، اقوام متحدہ نے باقی 13 طالبان عہدیداروں کے لیے سفری استثنیٰ میں کم از کم 2 ماہ کی توسیع کر دی ہے۔
افغان نائب وزیر برائے اعلیٰ تعلیم لطف اللّٰہ خیرخواہ نے اقوام متحدہ کے فیصلے پر تنقیدکرتے ہوئے اسے غیر منصفانہ قرار دیا اور کہا کہ ایسے فیصلے صورتحال کو مزید خراب کردیں گے۔
طالبان نے مارچ میں لڑکیوں کے سیکنڈری اسکول بند کروا دیے تھے جو اب تک نہیں کھولے گئے ہیں۔


































