
اسلام آباد: امت واحدہ پاکستان کے سربراہ علامہ محمد امین شہیدی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قیام پاکستان سے لیکر اب تک پالیسیز طاقت ور طبقات نے بنائی ہیں۔ بظاہر تو سیاست دانوں کا چہرہ ہوتا ہے پس چہرہ وہی طاقتیں سب کچھ کرتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قائد اعظم محمد علی جناح بانی پاکستان ہیں، انکا بیان اظہرالشمس ہے اور پاکستان کے 25 کروڑ عوام اس کی تائید اور حمایت کرتے ہیں۔ لیکن مفاد پرست حکمرانوں کو سب سے زیادہ پیسہ عزیز ہوتا ہے جس کیلئے وہ کچھ بھی بیچ دیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری امت مسلمہ کے دل فلسطینیوں اور حماس کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔
علامہ محمد امین شہیدی نے مزید کہا کہ ابراہیمی ادیان کے نام پر امریکی اور اسرائیلی سامراج نے سازش رچائی، پاکستان نے بھی اس کا حصہ بننے کی کوشش کی تھی۔ چیئرمین پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم کے ذریعے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی پوری کوشش کی گئی اور پاکستان میں اسرائیل کیلئے نرم گوشہ کیلئے ماحول بھی بنایا گیا مگر چیئرمین پی ٹی آئی نے صاف انکار کردیا، انہوں نے قائد اعظم محمد علی جناح کے موقف اور 25 کروڑ عوام کے جذبات کی ترجمانی کی۔ امت واحدہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پہلی بار عبوری حکمران کٹھ پتلی وطن فروشوں اور امت فروشوں کی شکل میں پاکستان کے اصولی موقف سے ہٹنے کو بالکل تیار نظر آرہے ہیں۔


































