
غزہ : صیہونی فوج نے غزہ سٹی کے بعد نصیرات کیمپ پر بم برسادئے۔ صیہونی فوج نے دو مقامات پر مکان اور پاور اسٹیشن کو نشانہ بنایا حملے میں دس افراد شہید ہوگئے۔ اس سے پہلے غزہ سٹی پر حملے میں پانچ افراد جان سے گئے۔ صیہونی فوج نے غزہ سٹی میں ڈرون سے ایک مکان کو نشانہ بنایا۔ جس سے مکان تباہ ہوگیا۔ چوبیس گھنٹوں میں چھپن افراد شہید ہوئے صیہونی فوج نے رفح میں حملوں کا دائرہ وسیع کردیا ہے۔
صیہونی افواج پورے شہر کا کنٹرول سنبھالنے کے لیے آٹھ اطراف سے پیش قدمی کر رہی ہیں۔ صیہونی فوج رفح کراسنگ اور صلاح الدین کوریڈور، تال زروب تک پہنچنے کے ساتھ ساتھ پاسپورٹ راؤنڈ اباؤٹ، بنک آف فلسطین، صلاح الدین گیٹ اور ذو النورین مسجد کی طرف سے آگے بڑھ رہی ہے۔ پیشقدمی کے دوران صیہونی فوج کو شدید مزاحمت کا بھی سامنا ہے۔
ادھر گذشتہ روز شاطی کیمپ پر حملے میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 43 ہوگئی ہے۔ اہلیان غزہ کیلئے ہفتے کا روز انتہائی خونی رہا تھا۔ صیہونی فوج نے المواسی, المغازی، زیتون، شمالی، جنوبی، مغربی رفح میں حملے کیے تھے جس میں ایک سو ایک فلسطینی شہید ہوئے تھے۔


































