
اسلام آباد: چیئرمین مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے متنازعہ فرقہ وارانہ بل کیخلاف آج یوم وحدت امت منانے کی اپیل کردی۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ملک بھر کے تمام آئمہ جمعہ سے اپیل کی کہ پاکستان کی دشمن قوتوں کی ایماء پر شیعہ سنی مسلمانوں کی وحدت کو پارہ پارہ کرنے کی سازش متنازعہ فرقہ وارانہ بل کیخلاف قوم کو آگاہی دیں. انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی جماعتوں نے قومی اسمبلی اور سینٹ سے آئین پاکستان اور قرآن سنت کیخلاف متنازعہ فرقہ وارانہ بل کو غیر دستوری و غیر قانونی طریقے، اقلیت رائے اور دھونس دھاندلی سے پاس کروا کر قومی وحدت، باہمی رواداری اور استحکام پاکستان پر گھناؤنا وار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس ملک دشمنی پر ہرگز خاموش نہیں رہیں گے. مسلم پاکستان کو مسلکی پاکستان بنانے کی کسی کو اجازت نہیں دینگے، آئین پاکستان اور قرآن و سنت سے متصادم اس بل کیخلاف ہر قسم کا آئینی و قانونی راستہ اختیار کیا جائے گا اور اس ملک و ملت دشمن سازش کیخلاف ہر فورم پر بھرپور آواز بلند کرینگے۔


































