
غزہ : صیہونی فوج نے ایک بار پھر امدادی مرکز پر بھوکے متاثرین کا خون بہادیا۔ اندھا دھند فائرنگ سے انتیس فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ امریکا اور اسرائیل کی حمایت یافتہ غزہ ہیومنیٹیرین فاؤنڈیشن کے امدادی مراکز پر خوراک کے لیے لوگ روزانہ جمع ہو رہے ہیں اور ان کا قتل عام صیہونی فوج نے معمول بنالیا ہے۔
گذشتہ رات لوگ خوراک حاصل کرنے کی امید میں جمع تھے کہ اچانک فوجیوں نے فائرنگ شروع کر دی، ٹینکوں، طیاروں اور کوآڈ کاپٹر سے فائرنگ میں شدت آگئی۔ جس سے درجنوں افراد لہولہان ہوگئے۔ صیہونی فوج نے غزہ کے مختلف علاقوں پر حملوں کا سلسلہ بھی جاری رکھا ہوا ہے چوبیس گھنٹوں کے دوران کئے گئے حملوں میں شہدا کی تعداد اکانوے تک جاپہنچی۔


































