
غزہ : صیہونی فوج نے غزہ میں امدادی مرکز کے قریب فائرنگ کرکے مزید پندرہ فلسطینی شہید اور کئی زخمی کردئے۔ چوبیس گھنٹوں میں مزید اٹھاون فلسطینی شہید کردئے گئے۔ صیہونی فوج نے نٹزارم کوریڈور کے قریب امداد کیلئے جمع بھوکے متاثرین پر ایک بار پھر گولیاں برسادیں۔ صیہونی فوج کے بھوکے اور نہتے متاثرین پر حملوں میں اب تک دوسو کے قریب فلسطینی شہید کئے جاچکے ہیں۔ ادھر صیہونی فوج نے خان یونس۔ جبالیہ ۔ شجاعیہ اور الزیتون پر ڈرونز سے حملے کئے اور توپ خانے سے گولے برسائے ۔ ان حملوں میں سات فلسطینی شہید اور کئی زخمی کئے گئے۔ ادھر اسرائیلی فوج نے خان یونس میں ناصر اسپتال کے آس پاس کے علاقے پر توپ خانے کے متعدد گولوں سے بمباری کی۔ جبکہ انخلاء کی دھمکیاں جاری کیں، جس سے علاقے میں شہریوں کی جبری نقل مکانی کے خطرے کی گھنٹی بج گئی ہے۔


































