
اسلام آباد: پاکستان کی نگراں حکومت نے کاروباری افراد اور سرمایہ کاروں کے لیے اوپن پاکستان ویزا رجیم کا اعلان کردیا۔ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ کاروباری افراد یا سرمایہ کار بیرون ملک سے بین الاقوامی کاروباری اداروں کی دستاویز پر پاکستان کا ویزا آسانی سے حاصل کرسکیں گے۔ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے تمام چیمبرز اور کاروباری افراد پاکستان سے باہر کسی فرد کو ایسی دستاویز جاری کریں گے اس کی بنیاد پر اس فرد کو ویزا کے اجراء میں آسانیاں ہوں گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ افراد کے ساتھ ساتھ درمیانے اور بڑے کاروباری اداروں سے منسلک افراد کو بھی یہ آسان ویزا رجیم کی سہولیات میسر ہوں گی۔ پاکستان کاروبار اور معیشت کے ایک نئے دور میں داخل ہونے جارہا ہے۔


































