
بغداد : عراق کے بزرگ مرجع آیت اللّٰہ سید علی حسینی سیستانی نے ایران پر اسرائیلی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایرانی رہنماؤں کے قتل کو جرم قرار دے دیا۔ نجف میں اپنے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں آیت اللّٰہ سید علی حسینی سیستانی نے ایران پر حملوں اور آیت اللہ خامنہ ای کے قتل کی دھمکیوں پر بیان جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی چوٹی کی مذہبی لیڈر شپ کے خلاف دھمکیاں دینے والوں کو خبردار کرتے ہیں، ایسا کوئی بھی عمل پورے خطے کیلئے ہولناک نتائج کا سبب بنے گا۔ عراقی مذہبی رہنما نے کہا کہ ناجائز مسلط کردہ جنگ کے خاتمے کیلئے خطے کے ممالک اور عالمی برادری بھرپور کردار ادا کرے۔
بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ کسی بھی مجرمانہ اقدام کا مقصد ایران کی قیادت کو غیر مستحکم کرنا ہے، اس کے پورے خطے کے لیے سنگین نتائج ہوں گے، ممکنہ طور پر وسیع پیمانے پر افراتفری اور علاقائی کشیدگی میں اضافہ ہو گا۔


































