
واشنگٹن : امریکا نے مزاکرات کی ناکامی پر ایران کے جزیرے خارگ پر قبضے کا منصوبہ بنالیا۔جبکہ ایران نے بھی جزیرے کے گرد بارودی سرنگیں پھیلانا شروع کردی ہیں اور راکٹ بھی جزیرے پر پہنچادئے ہیں۔ اسرائیلی اخبار یدیوت اہرنوٹ نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ٹرمپ جنگ ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں لیکن ناکامی ہوئی تو وہ خارگ جزیرہ پر قبضہ کرلیں گے جس کیلئے اقدامات شروع کردئے گئے ہیں۔ پچھلے چند دنوں میں کیلیفورنیا سے ڈھائی ہزار میرینز تین جنگی جہازوں کے ساتھ بھیجے گئے ہیں اور اب 82 ویں ایئربورن ڈویژن بھی تعینات کی جارہی ہے۔ امریکی میڈیا سی این این کے مطابق ایران نے بھی جزیرہ خارگ کے دفاعی انتظامات مضبوط کرنا شروع کر دیے ہیں، جس میں فوجی اضافے اور دفاعی سسٹمز کی تعیناتی شامل ہے۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقرقالیباف نےکہا ہےکہ خطے کے ایک ملک کی حمایت سے دشمن ایرانی جزیرے پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ ایرانی مسلح افواج تمام دشمنوں کی حرکات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ایرانی قومی سلامتی کے تجزیہ کار مرتضی سمیاری نے کہا ہے کہ اگر امریکا خطے میں کوئی غلطی کرتا ہے تو ایران بحرین اور متحدہ عرب امارات کے ساحلی علاقے پر قبضے کے لیے تیار ہے۔


































