
واشنگٹن : ایران کے خلاف اسرائیل کی جنگ میں امریکا بھی شامل ہوگیا۔ امریکا نے ایران کی تین ایٹمی تنصیبات پر حملہ کردیا ہے۔ امریکا نے رات گئے ایران کے نطنز۔ فردو اور اصفہان کی ایٹمی تنصیبات پر بمباری کی جس میں امریکا کے بی ٹو بمبار طیاروں نے حصہ لیا۔ یہ طیارے گزشتہ روز ہی مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی اڈے پر پہنچا دیے گئے تھے۔ امریکی حملے میں اصفہان کی ایٹمی تنصیب کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا۔ جبکہ فردو کے زیر زمین زیادہ گہرائی میں ہونے کی وجہ سے زیادہ نقصان نہیں ہوا۔
ایران کی ایٹمی توانائی ایجنسی نے امریکی حملے کی تصدیق کردی۔ اور واضح کیا کہ تینوں ایٹمی تنصیبات کچھ عرصے پہلے خالی کرالی تھیں۔ وہاں کوئی جوہری مواد موجود نہیں تھا۔ صرف انفرااسٹرکچر کو نقصان پہنچا۔ تابکاری کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ امریکی حملے کے باوجود پرامن ایٹمی پروگرام جاری رکھا جائے گا۔


































