
تل ابیب : امریکا نے غزہ میں مزید خونریزی اور انسانیت سوزی کی خاطر صیہونی حکومت مزید اسلحہ اور گولہ بارود دینے کا اعلان کردیا۔ امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن کے چند گھنٹوں بعد ہی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن تل ابیب پہنچے اور صیہونی جارحیت کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ لائیڈ آسٹن نے کہا ہے کہ یہ غیر جانبداری یا جھوٹی برابری کا وقت نہیں ہے۔ امریکی وزیردفاع نے غزہ کے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اپنی حفاظت کے لیے جنوب کی طرف چلے جائیں۔ انہوں نے اسرائیل کا دفاع کرتے ہوئے ایران، حزب اللہ اور حماس کیخلاف ہرزہ سرائی کی۔ انہوں نے مزید کہا پینٹاگون اسرائیل کو اضافی فوجی امداد بھیجنے کے لیے تیار ہے۔ گولہ بارود، فضائی دفاعی ساز و سامان بہت جلد اسرائیل پہنچ جائے گا۔


































