
دمشق : شام کے نائب وزیر خارجہ بشار الجعفری نے کہا ہے کہ امریکی قبضے، تیل چوری اور ترکی کی جانب سے دہشت گردوں کی حمایت شام کا بحران جاری رہنے کی اصل وجوہات ہیں۔ بشار الجعفری نے اقوام متحدہ کی نمائندہ طارق تلاحمہ سے ملاقات میں کہا کہ شام میں غیر ملکی مداخلت پسندی کے خطرناک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔ ترکیہ نے شام میں بحران کو بڑھاوا دینے میں مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے انقرہ کے تباہ کن اقدامات کو عالمی قوانین اور اصولوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔انہوں نے اقوام متحدہ کے عہدے دارکو بتایا کہ امریکی باوردی دہشت گرد شام کے قدرتی ذخائر کو لوٹ رہے ہیں اور شام کے عوام کو اپنے حق سے محروم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قرارداد 2642 کے تحت دمشق کے اقتدار اعلی، سیاسی خودمختاری اور ارضی سالمیت پر زور دیا گیا ہے اور سلامتی کونسل کی قراردادوں پر تمام ممالک کی طرف سے عملدرآمد ضروری ہے۔


































