
تہران: ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے عالمی جوہری ادارے کے سربراہ رفائیل گروسی کے بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ کنعانی نے کہا کہ ایران کے تعمیری اور مثبت کردار کے باوجود بدقسمتی سے امریکہ اور یورپی ممالک سیاسی مقاصد کے تحت ایران اور عالمی ادارے کے درمیان قائم سازگار فضا کو خراب کرنا چاہتے ہیں۔ ایران پہلے ہی اقوام متحدہ کے اس ادارے کو سیاسی بنانے کی کوششوں کی صورت میں نتائج کا انتباہ کرچکا ہے۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ ایران کا فیصلہ فریقین کے درمیان موجود معاہدے کے آرٹیکل 9 کے مطابق کیا گیا ہے۔ مغربی ممالک کو چاہئے کہ آئی اے ای اے سمیت عالمی اداروں کو سیاسی مقاصد کے استعمال کرنے کے بجائے غیر جانبدارانہ طور پر اپنی سرگرمیاں جاری رکھنے کا موقع دیں۔ ایران فریقین کے درمیان موجود معاہدے کے تحت عالمی ادارے کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔ آئی اے ای اے کے سربراہ رفائیل گروسی نے کہا تھا کہ ایران نے این پی ٹی سیف گارڈز معاہدے کے تحت ملک میں تصدیقی سرگرمیاں انجام دینے کے لیے تفویض کردہ ایجنسی کے متعدد تجربہ کار انسپکٹرز کا عہدہ واپس لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے اس اقدام سے ملک میں آئی اے ای اے کی معمول کی منصوبہ بندی اور تصدیقی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔


































