
اسلام آباد: نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ امریکا اور اتحادی افواج 20 سال افغانستان میں رہے اور دو کھرب ڈالر خرچ کرنے کے باوجود مرکزی اتھارٹی قائم نہ کر سکے۔ انوار الحق کاکڑ نے ترک ٹی وی سے انٹرویو میں کہا کہ افغانستان میں اتحادی افواج کی موجودگی میں بھی 15 سال تک پاکستان سرحد پار حملوں کا شکار رہا۔ پاکستان نے سرحد پار حملوں کو روکنے کے لیے کئی سیکیورٹی اقدامات کیے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں کوئی ایک مرکزی اتھارٹی قائم نہیں بلکہ ایک متحارب گروپ اقتدار میں ہے۔ افغانستان میں استحکام دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔


































