
میدان عرفات : مسجد الحرام کے امام شیخ ڈاکٹر صالح بن عبداللہ نے خطبہ حج میں کہا ہے کہ ایمان والوں کو اللہ سے ڈرنا چاہئے اور تقویٰ اختیار کرنا چاہئے۔ مسلمانوں کو آپس میں اتحاد و اتفاق رکھنا چاہئے۔ شیخ صالح بن عبداللہ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اسلام کو بطور دین انسانیت کیلئے پسند کیا ہے، اگر تم اپنے دشمن کو معاف کرو گے تو اللہ تم کو اپنا دوست بنالے گا۔ شیطان مسلمانوں کا دشمن ہے اور مسلمانوں کو اس سے دور رہنا چاہئے انہوں نے کہا کہ دین اسلام کے تین درجات ہیں اور سب سے بڑا درجہ احسان ہے، والدین سے صلہ رحمی، نرمی اور وعدوں کی تکمیل بھی دین کا حصہ ہے اور حیا ایمان کی شاخ ہے۔ اللہ نے فرمایا کہ نیکی میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں اور بری باتوں سے روکیں۔ خطبہ حج کے ساتھ ہی حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کردیا گیا۔ حجاج کرام غروب آفتاب کے وقت مزدلفہ روانہ ہوں گے اور وہاں رات قیام کرکے واپس منیٰ پہنچیں گے۔


































