
اسلام آباد: حکومت نے غیرقانونی طور پر مقیم تمام غیر ملکیوں کو یکم نومبر تک ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت سول اور عسکری حکام پر مشتمل ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں تمام غیر ملکیوں کو ملک بدر کرنے کا حتمی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس کے بعد نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ملک میں 17 لاکھ 30 ہزار غیر ملکی غیر قانونی طور پر مقیم ہیں۔ انہیں یکم نومبر تک پاکستان چھوڑنا ہوگا۔ سرفراز بگٹی نے کہاکہ تمام غیر قانونی مقیم غیر ملکی اس تاریخ تک تمام اثاثے فروخت کرنے اور اپنے وطن واپسی کے پابند ہوں گے۔ ڈیڈ لائن ختم ہونے پر غیر ملکیوں کو ملک بدر کردیا جائے گا اور جائیدادیں قرق کر دی جائیں گی اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صرف پروف آف رجسٹریشن کے حامل افغان مہاجرین سکونت کے اہل ہوں گے۔ جبکہ نقل و حرکت کی اجازت صرف پاسپورٹ اور ویزا پر ممکن ہوگی دیگر تمام قسم کی دستاویزات سرحد پار سفر کیلئے غیر موثر اور غیر قانونی ہوں گی۔


































