
تل ابیب: صیہونی حکومت نے غزہ ہیومینٹیرین فاؤنڈیشن کے ذریعے تقسیم کیلئے غزہ لے جانیوالی تمام امداد صرف اسرائیل ہی سے خریدنے اور پیک کرنے کی شرط عائد کردی۔
غزہ ہیومینیٹرین فاؤنڈیشن کے مطابق نئے ضوابط میں یہ شرط رکھی گئی ہےکہ غزہ میں آئندہ جو فوڈ پیکج تقسیم کیے جائیں گے وہ اسرائیلی کمپنیوں سے لئے جائیں گے۔
تنظیم کا کہنا ہے کہ پہلے امدادی پیکجز اسرائیل اور مغربی کنارے دونوں سے خریدے اور تیار کیے جاتے تھے، لیکن نئی اسرائیلی پالیسی کے تحت اب تمام اشیاء صرف اسرائیلی کمپنیوں سے ہی لی جائیں گی۔
اقوام متحدہ کی متعدد رپورٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ جی ایچ ایف کے مراکز پر امداد لینے والے ہزاروں فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے۔دوسری جانب اسرائیلی معیشت بھی غزہ پر جاری حملوں اور عالمی تنہائی کے باعث دباؤ کا شکار ہے۔ یورپی کمیشن نے حال ہی میں اسرائیل کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے کو معطل کرنے کی تجویز پیش کی ہے، جو اس کے لیے ایک بڑا دھچکا ثابت ہوسکتا ہے۔


































