
دوحہ: پاکستان اور افغانستان نے دوحہ میں دو دن جاری رہنے والے مذاکرات میں جنگ بندی معاہدے پر اتفاق کرلیا۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان ترکیہ اور قطر کی ثالثی میں مذاکرات دو مراحل میں تیرہ گھنٹے جاری رہے۔
قطر کی وزارتِ خارجہ کے مطابق مذاکرات کے دوران فریقین نے نہ صرف جنگ بندی پر اتفاق کیا بلکہ دوطرفہ امن و استحکام کے لیے ایک مستقل مکینزم پر بھی رضامندی ظاہر کی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ فریقین نے جنگ بندی کے تسلسل اور اس پر قابل اعتماد اور پائیدار عملدرآمد کے لیے آئندہ دنون میں فالو اپ ملاقاتوں پربھی اتفاق کیا ہے، تاکہ دونوں ممالک میں امن و استحکام کے قیام میں مدد مل سکے۔
پاکستانی وزیر دفاع خواجہ آصف نے معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ 25 اکتوبر کو دونوں ملکوں کے درمیان استنبول میں دوبارہ وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین پر افغانستان سے دہشت گردی کا سلسلہ فی الفور بند ہوگا، دونوں ہمسایہ ملک ایک دوسرے کی سرزمین کا احترام کریں گے۔


































