
مقبوضہ بیت المقدس: اسرائیلی جیل میں قید فلسطینی خلیل عودہ نے اپنی 172 روزہ بھوک ہڑتال اس وقت ختم کر دی جب اسرائیلی حکومت نے اسے اگلے ماہ اکتوبر میں رہا کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔ عودہ نے بدھ کو چائے کے کپ کے ساتھ احتجاجی کارروائی کا خاتمہ کیا۔ اسپتال کے بستر سے بات کرتے ہوئے 40 سالہ عودہ نے کہا کہ وہ اس وقت تک اسپتال میں ہی رہیں گے جب تک کہ وہ دوبارہ چل نہ سکیں۔ چار لڑکیوں کے والد نے اپنی نام نہاد انتظامی حراست کے خلاف گزشتہ سال دسمبر میں اپنی گرفتاری کے فوری بعد بھوک ہڑتال شروع کی تھی۔ اس پالیسی کے تحت، جس پر قابض حکومت کئی دہائیوں سے عمل پیرا ہے، فلسطینی قیدیوں کو طویل عرصے تک قابل تجدید مدت کے لیے بغیر کسی الزام، مقدمہ یا سزا کے قید میں رکھا جاتا ہے۔ عودہ نے ابتدائی طور پر 111 دن کی بھوک ہڑتال کی تھی، جسے اس نے رہائی کے اسرائیلی وعدے کی روشنی میں معطل کر دیا تھا۔ اس نے احتجاجی کارروائی اس وقت دوبارہ شروع کی جب حکومت کے جیل حکام اسے رہا کرنے کے اپنے وعدے سے مکر گئے۔


































