
غزہ : غزہ میں جنگ زدہ فلسطینیوں پر بھوک کے بعد پیاس سے بھی اموات کا خطرہ منڈلانے لگا۔ اقوام متحدہ کی ایجنسی انروا نے خبردار کیا ہے کہ غزہ کے باشندوں کو پانی کے شدید بحران کا سامنا ہے جس سے انہیں پیاس سے موت کا خطرہ ہے۔ اسرائیلی حملوں اور ایندھن کی پابندیوں نے غزہ میں فراہمی آب کے بنیادی ڈھانچے کو معذور کردیا ہے۔
انروا نے کہا کہ غزہ انسانوں کی پیدا کردہ خشک سالی کے دہانے پر ہے۔ پینے کے پانی کی فراہمی کی صرف چالیس فیصد سہولیات کام کررہی ہیں۔ بیان میں کہا گیاہے ایندھن کی قلت کی وجہ سے کنویں سے پانی نکالنا بند کر دیا گیا ہے۔ دوسرے کنویں ایسے خطرناک علاقوں میں ہیں جہاں تک رسائی مشکل ہے۔ پائپ لائنیں ٹوٹی ہوئی ہیں اور لیک ہو رہی ہیں ۔پانی کے ٹینکرز پہنچ نہیں پارہے ہیں۔


































