
بغلان: افغانستان کے صوبہ بغلان میں شیعہ مسجد میں خودکش حملے سے سات نمازی شہید اور 20 زخمی ہوگئے۔ بغلان کے صدر مقام پول خمری کی امام زمان علیہ السلام مسجد میں دھماکا اس وقت ہوا جب لوگ نماز جمعہ کی ادائیگی کے لئے جمع تھے۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق خودکش حملہ آور مسجد کی آخری صفوں کے درمیان پھٹ گیا۔ دھماکے کی خوفناک آواز تھی،دھماکے کے بعد بڑی تعداد میں شہداء اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا، کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جس سے اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔ شدید زخمیوں کو قندوز کے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے مسجد امام زمان میں دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔ناصر کنعانی نے اس دہشت گردانہ حادثے میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور اس واقعے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے اللہ تعالیٰ سے دعا کی۔


































