
کابل: بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی نے افغانستان میں قائم 25 اسپتالوں کی مالی امداد ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ریڈکراس کمیٹی کے ترجمان ڈیوگو الکانتارا نے بتایا کہ تنظیم کے پاس صحت عامہ کے مکمل طور پر کام کرنے والے شعبے کو برقرار رکھنے کا مینڈیٹ یا وسائل نہیں ہیں۔ مالی مشکلات کے پیش نظر رواں ماہ کے آخر تک 25 اسپتالوں کی مالی امداد ختم کرسکتے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ ہم اسپتال کے شعبے میں متبادل پائیدار سپورٹ میکانزم تلاش کرنے کے لیے حکومتی وزارتوں، عطیہ دہندگان اور تنظیموں کے ساتھ رابطے جاری رکھے ہوئے ہیں، تاہم توقع ہے کہ اگست کے آخر میں اسپتال پروگرام کو مرحلہ وار ختم کردیا جائے گا۔ جنیوا میں قائم یہ تنظیم افغانستان میں صحت کے دیگر پروگراموں کو جاری رکھے گی جن میں معذور افراد کی بحالی میں مدد بھی شامل ہے۔


































