
صنعا: یمن پر عرب اتحاد کے حملے جاری ہیں، تازہ ترین بربریت میں یمن میں دواؤں کے گودام پر بمباری کی گئی۔ یمن کی تحریک انصاراللہ نے جارح سعودی اتحاد کے دواؤں کے گودام پر حملے کے لئے سیکیورٹی کاؤنسل کو ذمہ دار قرار دیا ہے۔
یمن کی مذاکرات کار ٹیم کے سربراہ محمد عبد السلام نے دواؤں اور میڈیکل سازوسامان کے گودام پر سعودی اتحاد کے حملے کا ذکر کرتے ہوئے کہا: یہ حملہ اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کاؤنسل کے جانبدارانہ بیان کی وجہ سے ہوا ہے۔ انہوں نے جعمرات کی شب اپنے ٹویٹر پیج پر لکھا کہ ان کا ملک اپنے سبھی دفاعی ساز و سامان سے جارح ملکوں کے حملوں کا جواب دے گا۔ محمد عبد السلام نے کہا کہ سعودی عرب اپنی کرتوتوں کے انجام کے بارے میں سوچے بغیر حملے اور ناکہ بندی ختم کرنے کے بجائے، اس میں تیزی لا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس لمحے یمن پر حملہ شروع ہوا اس وقت سے سکیورٹی کاؤنسل اپنے جانبدارانہ موقف کی وجہ سے جنگِ یمن کے طولانی ہونے کا باعث بنی ہے اور اسکی ذمہ دار ہے۔
یمن کی مذاکرات کار ٹیم کے سربراہ نے کہا: سیکیورٹی کاؤنسل خود اس بات کے لئے ذمہ دار ہے کہ اس کے بیانیہ کا کوئی مثبت اثر نہیں ہو رہا ہے۔
یمن کی وزارت صحت کے مطابق امریکی و مغربی حمایت یافتہ جارح سعودی اتحاد نے صنعا کے مضافاتی ضلع آزال میں واقع ’سعوان‘ محلے میں دواؤں اور میڈیکل ساز و سامان کے گوداموں پر چھے بار بمباری کی۔ اس طرح سعودی اتحاد کے جرائم کی فہرست میں ایک اور سیاہ باب کا اضافہ ہو گیا۔


































