
تہران : ایران کے خلیجی ساحلی علاقے میں زلزلے سے زمین لرز اٹھی ۔ زلزلے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 22 زخمی ہو گئے ہیں۔ امریکی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 6.1 ریکارڈ کی گئی ۔ زلزلے کا مرکز ایران کے جنوبی ساحلی علاقے کی بندرگاہ لنگا تھا۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی نے کہا ہے کہ 6.3 شدت کے زلزلے کے بعد دو مرتبہ 6.1 شدت کے زلزلے آئے جس نے ایران کے خلیجی ساحل کے قریب ایک گاؤں سایہ خوش کو ملیا میٹ کر دیا۔ اس کے بعد بھی 12 مرتبہ سے زیادہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ایرانی ہلال احمر کے حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی ٹیمیں پہنچنا شروع ہوگئی ہیں اور زلزلے سے متاثرین کے لئے امدادی خیمے نصب کئے جارہے ہیں۔متحدہ عرب امارات کے بعض علاقوں دبئی ، شارجہ اور عجمان میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے۔سعودی عرب ، بحرین ، عمان اور قطر میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔


































