
غزہ: مغربی کنارے میں ایک تیز رفتار ٹرک نے چیک پوسٹ پر صیہونی فوجیوں کو کچل ڈالا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جب کہ دو اسپتال میں موت سے نبرد آزما ہیں۔ مغربی کنارے کی سرحد پر بنی چیک پوسٹ پر اسرائیلی فوجیوں نے ایک ٹرک کو رکنے کا اشارہ کیا لیکن ٹرک رکنے کے بجائے انھیں کچلتے ہوئے گزر گیا۔ صیہونی فوج کے ترجمان نے 1 اہلکار کی ہلاکت اور 2 کے شدید زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ٹرک ڈرائیور کو تعاقب کے بعد گرفتار کرنے کی کوشش کی لیکن اس نے مزاحمت کی۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق ٹرک ڈرائیور کی مزاحمت پر فوج کو اپنے دفاع میں فائرنگ کرنا پڑی جس کے نتیجے میں 41 سالہ فلسطینی ٹرک ڈرائیور بھی شہید ہوگیا۔ ٹرک ڈرائیور کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ جو اسرائیل میں کام کرنے کا پرمٹ بھی رکھتا تھا اور فلسطین سے اسرائیل تجارتی سامان کی ترسیل کیا کرتا تھا۔


































