
احمد آباد: ہندوستان کے صوبے گجرات میں انتظامیہ نے سو سال قدیم مسجد سمیت آٹھ مذہبی مقامات مسمار کردئے۔ صوبہ گجرات کی داہود اسمارٹ سٹی انتظامیہ نے سڑک چوڑا کرنے کے منصوبے کے تحت جامع مسجد نگینہ کو مسمار کردیا۔ اس موقع پر 450 کے قریب پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسجد کو مسمار کرنے کا عمل پرامن طریقے سے مکمل کیا گیا۔ مسجد کے انہدام کے چند گھنٹے بعد ہی چار مندر اور تین درگاہوں کو بھی مسمار کر دیا گیا۔ انڈین ایکسپریس کے مطابق مسجد کے ٹرسٹ نے زمین کا ریکارڈ پیش کرنے کے لیے گجرات ہائی کورٹ سے جمعہ تک کا وقت مانگا تھا۔ لیکن ٹرسٹ دستاویزات پیش نہیں کرسکا۔ جس کے بعد یہ کارروائی کی گئی۔ مسجد ٹرسٹ کے مطابق مسجد 1926 سے یہاں موجود ہے۔


































