
دوحہ : سعودی عرب سمیت آٹھ مسلم ممالک نے امریکی صدر ٹرمپ کی غزہ میں جنگ بندی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ قطر، اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، پاکستان، ترکی، سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ نے امریکی صدر ٹرمپ کے بیس نکاتی غزہ امن منصوبے کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ امریکی شراکت داری خطے میں امن قائم رکھنے کے لیے اہم ہے۔
انہوں نے صدر ٹرمپ کی غزہ میں جنگ ختم کرانے، علاقے کی تعمیر نو، فلسطینی عوام کے بے دخلی سے بچانے اور جامع امن کی پیش رفت کے لیے تجویز کا خیرمقدم کیا۔ وزرائے خارجہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ امریکی قیادت اور متعلقہ فریقوں کے ساتھ تعمیری اور مثبت تعاون کے لیے تیار ہیں تاکہ ایک جامع معاہدہ طے کیا جا سکے جو امن، سلامتی اور استحکام کو یقینی بنائے۔


































