
غزہ : صیہونی فوج نے امدادی مراکز پر فائرنگ کرکے بھوکے پیاسے اٹھاون فلسطینیوں کو شہید اور درجنوں کو زخمی کردیا۔ ادھر امدادی ٹرک متاثرین پر الٹنے سے بیس فلسطینی جان سے گئے۔
صیہونی فوج نے غزہ سٹی کے قریب اور نیٹزارم کوریڈور پر امداد کے منتظر بھوکے پیاسے فلسطینیوں کو گولیوں کا نشانہ بنایا۔ مختلف علاقوں سے امدادی مراکز جانے والے متاثرین بھی فائرنگ کا نشانہ بنے۔ جس کے نتیجے میں اٹھاون فلسطینی شہید ہوگئے۔
ادھر غزہ سٹی کی طرف جانیوالا ٹرک بھوکے پیاسے متاثرین کے ہجوم پر الٹ گیا۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب اسرائیلی فوجیوں نے ٹرک کو غیرمحفوظ سڑک سے جانے پر مجبور کیا۔ حادثے میں بیس فلسطینی جان سے گئے۔ کئی افراد زخمی ہوئے۔
ادھر صیہونی فوج نے رہائشی مقامات پر زمینی اور فضائی حملے کرکے خواتین اور بچوں سمیت انتیس فلسطینیوں کو شہید کیا گیا۔ بھوک کی شدت سے آٹھ فلسطینی زندگی کی بازی ہار گئے۔


































