
راولپنڈی: فوجی عدالت نے نو مئی 2023 کو فوجی تنصیبات پر حملوں کے الزام میں اپوزیشن جماعت پاکستان تحریک انصاف کے پچیس کارکنوں کو قید بامشقت کی سزائیں سنادیں۔ فوجی عدالت نے ملزمان کو دو سال سے دس سال کی سزائیں سنائی ہیں۔ تمام ملزمان ڈیڑھ سال سے فوج کی قید میں تھے اور ان میں سے زیادہ تر کا تعلق صوبہ خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں سے ہے۔ ملزمان پر جن مقامات پر حملے کا الزام ہے ان میں کور کمانڈر ہاؤس لاہور۔ پنجاب رجمنٹل سینٹر مردان۔ جنرل ہیڈ کوارٹر جی ایچ کیو راولپنڈی۔ پی اے ایف بیس میانوالی۔ بنوں کینٹ۔ چکدرہ قلعہ۔ ملتان کینٹ اور آئی ایس آئی آفس فیصل آباد شامل ہیں۔
ترجمان پاک فوج نےکہا کہ صحیح معنوں میں مکمل انصاف اُس وقت ہوگا۔جب 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ اور منصوبہ سازوں کو آئین و قانون کے مطابق سزا مل جائے گی۔ آئین اور قانون کے مطابق تمام سزا یافتہ مجرمان کے پاس اپیل اور دیگر قانونی چارہ جوئی کا حق ہے۔


































