
غزہ : صیہونی فوج نے ناصر میڈیکل کمپلیکس پر ایک بار پر بم برسا دئے۔ اسرائیلی حملے میں پانچ صحافیوں سمیت بیس فلسطینی شہید اور کئی زخمی ہوگئے۔ صیہونی فوج نے اسپتال کی چوتھی منزل کو دہرے حملے کا نشانہ بنایا۔
پہلے حملے کے بعد صحافی اور ریسکیو اہلکار جمع ہوئے تو ایک اور حملہ کردیا گیا۔ شہدا میں شامل صحافیوں میں احمد ابوعزیز۔ حسام المصری۔ محمد سلامہ۔ مریم ابو دقا اور معز ابو طحہ شامل ہیں۔
اسرائیلی حملے میں شہید صحافیوں کی تعداد دو سو پچہتر ہوگئی ہے۔ یہ کسی بھی تنازع میں مارے گئے صحافیوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
اس سے پہلے صیہونی فوج نے غزہ سٹی میں وحشیانہ کارروائیاں کرتے ہوئے اکاون فلسطینیوں کو شہید اور تین سو سے زائد کو زخمی کردیا تھا۔ جس میں امداد کے متلاشی سترہ افراد بھی شامل ہیں۔
غزہ کے سول ڈیفنس نے اطلاع دی ہے کہ غزہ شہر پر اسرائیلی فضائی حملوں میں شدت کے دوران 6 اگست سے زیتون اور صابرہ کے محلوں میں 1,000 سے زیادہ عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں تنظیم کے بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینیوں کی سینکڑوں لاشیں اب بھی ملبے کے نیچے پھنسی ہوئی ہیں جب کہ جاری گولہ باری اور رسائی کے راستوں اور وسائل کی کمی کی وجہ سے کئی امدادی کارروائیوں کو روکا جا رہا ہے۔


































